حیدر آباد: پاکستان عوامی تحریک کا ضلعی اجلاس
پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری ہی قوم کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آج پوری قوم ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو ہی نجات دہندہ سمجھتی ہے، اسی جماعت اور قیادت کے پاس ہی ملک کی موجودہ صورتحال سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ اور پروگرام ہے۔ ملک کی موجودہ سیاسی و مذہبی قیادتیں کنفیوژ ہیں اور ان تذبذب شدہ قیادتوں کے ہاتھوں ملک کا مستقبل خطروں سے دوچار ہے۔ کنفیوژ قیادتیں کسی بھی وقت اپنی پالیسیوں کی بدولت ملک کو برباد کر دیں گی۔
یہ بات پاکستان عوامی تحریک ضلع حیدر آباد کے صدر محمد خالد راجپوت نے پاکستان عوامی تحریک حیدر آباد سٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سٹی کے صدر محمد نعیم قریشی، نائب صدر ظفر علی اعوان، جنرل سیکرٹری نایاب انصاری، شیراز صدیقی، شعیب خان و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج کوئی نیٹو سپلائی روکنے کے لئے دھرنے دے رہا ہے، کوئی دھرنے کے جواز کو ملکی سلامتی کے لئے خطرناک قرار دے کر ملک کی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف قرار دے رہا ہے اور کوئی امریکہ کی امداد رک جانے کے باعث ملک کے اثاثے نیلام کر کے قوم کو ڈرا دھمکا رہا ہے۔ پوری قوم ان کنفیوژ قیادتوں کے ہاتھوں سخت پریشان ہیں کہ یہ قیادتیں ملک کو کہاں لے جانا چاہتی ہیں۔ ان کے پاس موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لئے کوئی راستہ نہیں ہے۔
آج پوری قوم غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔ ملک کی معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، ملک و قوم کہیں بھی محفوظ نہیں، نہ خارجی محاذ پر نہ داخلی محاذ پر۔ ایسے میں قوم صرف انقلاب کا راستہ اختیار کر کے ان مسائل سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری قوم کو پرامن انقلاب کے لئے شعوری طور پر آگاہی فراہم کر رہے ہیں اور 2 کروڑ نمازیوں کی جماعت کی تیاریاں جاری ہیں۔ ان شاء اللہ جلد ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری قوم کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر اس جماعت کی قیادت کریں گے۔ آخر میں انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران اور کارکنان ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔
اس موقع پر حیدر آباد ضلع کی تمام تحصیلوں میں ممبر سازی مہم 5 دسمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرون کو مار گرانے کے احکامات جاری کرے۔


تبصرہ