پاکستان عوامی تحریک قوم کی حقیقی ترجمانی کاحق ادا کر رہی ہے۔ فاروق بٹ
ڈاکٹر طاہرالقادری اندھیروں میں روشنی کی کرن بن کر پوری قوم کو فرسودہ نظام سے نجات دلانے کے لئے برسرپیکار ہیں
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک قوم کی حقیقی ترجمانی کاحق ادا کررہی ہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری اندھیروں میں روشنی کی کرن بن کر عوام کو فرسودہ نظام سے نجات دلانے کے لئے برسرپیکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کے سلسلے میں برسرپیکار مصطفوی کارکنان کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنے ہدف کے حصول کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ایک سے دو کروڑ نمازی انقلاب کے لئے تیار ہوں گے اور ملک سے ظلم و جبر کاخاتمہ ہو جائے گا، اور ڈاکٹر طاہرالقادری ملک کے 18 کروڑ عوام کو نیا نظام دیں گے جس سے مایوسی کے بادل چھٹ جائیں گے۔ غریب عوام کامقدر بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام سیاست چھ دہائیوں سے مخصوص لوگوں کو پال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے پڑھے لکھے نوجوان وقار کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو اس کا واحد راستہ نظام انتخابات کو مسترد کرنا ہے۔ حقیقی تبدیلی کیلئے جماعت کی تیاری ملک میں جاری ہے اور نمازی جوق در جوق ڈاکٹر طاہر القادری کی نماز انقلاب میں شامل ہونے کو بے تاب ہیں۔ عوام کے سامنے دودھ اور پانی نکھر کر سامنے آ چکے ہیں۔ تبدیلی انتخابی سیاست کے ذریعے نہیں انقلاب کے ذریعے آئے گی۔ موجودہ حکومت کی بری کارکردگی انقلاب کی منزل کو قریب کر رہی ہے۔ انقلاب کی جماعت جلد کھڑی ہو گی اب تبدیلی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
تبصرہ