وزیراعظم کا امریکی دورہ ناکام رہا، آزادی و خودمختاری کی باتیں جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔ سردار منصور خان
عوام جان لیں کرپٹ اور اجارہ دارانہ نظام سیاست و انتخابات ملک
کا سب سے بڑا دشمن ہے
موجودہ حکومت کی بری کارکردگی انقلاب کی منزل کو قریب کر رہی ہے
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ قوم کی گاڑی میں تیل نہیں، کسی کا جان و مال محفوظ نہیں، قومی سالمیت بک چکی ہے۔ وزیر اعظم کا امریکی دورہ مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ حکمرانوں کی طرف سے آزادی و خودمختاری کی باتیں سیاسی بیانات ہیں جو جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک 18 کروڑ عوام کو انکے دشمن کی شناخت کروانا چاہتی ہے جس نے انہیں زندہ رہنے کے حق سے محروم کر رکھا ہے۔ عوام جان لیں کرپٹ اور اجارہ دارانہ نظام سیاست و انتخابات ملک کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ یہ نظام سیاست چھ دہائیوں سے مخصوص لوگوں کو پال رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد، راولپنڈی کے مصطفوی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فاروق بٹ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، ملک افضل، غضنفر کھوکھر، راجہ منیر اعجاز، مصطفی خان اورغلام علی خان بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے پڑھے لکھے نوجوان وقار کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو اس کا واحد راستہ نظام انتخابات کو مسترد کرنا ہے۔ حقیقی تبدیلی کیلئے جماعت کی تیاری ملک میں جاری ہے اور نمازی جوق در جوق ڈاکٹر طاہر القادری کی نماز انقلاب میں شامل ہونے کو بے تاب ہیں۔ عوام کے سامنے دودھ اور پانی نکھر کر سامنے آ چکے ہیں۔ تبدیلی اب ووٹوں کے ذریعے نہیں انقلاب کے ذریعے آئے گی۔ ووٹ کے ذریعے تبدیلی کا موقع ضائع کر دیا گیا۔ موجودہ حکومت کی بری کارکردگی انقلاب کی منزل کو قریب کر رہی ہے۔انقلاب کی جماعت جلد کھڑی ہو گی اب تبدیلی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
تبصرہ