ظالم نظام کے خلاف حق کی آواز بن کر ڈٹ جانا ہی درس حسینیت ہے، عمر ریاض عباسی
36 ویں عالمی حسینیہ علیہ السلام کانفرنس سے ڈاکٹر غضنفر مہدی، صاحبزادہ محمد عمر ریاض عباسی، غضنفر کھوکھر، اشتیاق میر ایڈووکیٹ کاخطاب
ظالم نظام کے خلاف حق کی آواز بن کر ڈٹ جانا ہی درس حسینیت ہے۔ ملک سے باطل نظام کے خاتمے کے لئے، حق اور سچ کی بالادستی کے لئے کرپٹ نظام کاخاتمہ ہی وقت کی ضرورت ہے۔ آج ہر پاکستانی کو چاہئے کہ گزشتہ 65 سالوں سے ظلم و جبر کے نظام کے خاتمے کے لئے متفق و متحد ہوکر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں یہی پیغام حسینیت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صاحبزادہ عمر ریاض عباسی، جنرل سیکرٹری عوامی تحریک اسلام آباد غضنفر کھوکھر اور صدر عوامی تحریک فیڈرل ایریا اسلام آباد اشتیاق میر ایڈووکیٹ، علامہ ایاز ظہیر ہاشمی، غلام علی خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مقررین نے امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی شان و مرتبہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام علیہ السلام نے اپنی اور اپنے خانوادے کی جانوں کے نذرانے دے کر رہتی دنیا تک دین کو زندہ کر دیا، آج ہمیں چاہئے کہ امام عالی مقام علیہ السلام کی لازوال قربانی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ظلم، جبر اور باطل کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر حق اور سچ کے علم کو سربلند کرنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔
مقررین نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ملک کو دہشت گردی، انتہاپسندی، غربت، لاقانونیت، بے روزگاری اور بدامنی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے جن کا مقابلہ باہمی رواداری، اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کی فضا کے عملی قیام سے ہی ممکن ہے۔ علمائے کرام کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرناہوگا۔
تبصرہ