مثبت تبدیلی لا کر پاکستان کو دنیا کے نقشے پر باوقار، خوشحال، سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنا کر دم لیں گے۔ فاروق بٹ
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ نے کہا ہے کہ اشرافیہ ملک کے اقتدار پر قابض ہے اسے اسلام، عوام، پاکستان اور ملک و قوم کے مفاد سے کوئی غرض نہیں۔ یہ اپنی آئندہ نسلوں کو معاشی تحفظ دینا چاہتے ہیں۔ انقلاب وقت کی ضرورت بن چکا اور تبدیلی ناگزیر ہو چکی۔ اسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ 65 سالوں میں مقتدر طبقے نے مثبت تبدیلی کو روکا ہوا ہے اور مثبت تبدیلی کا راستہ روک کر 18 کروڑ عوام کو بڑی تبدیلی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی ممبرسازی مہم کے سلسلے میں اسلام آباد کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ابرار رضا ایڈووکیٹ، غضنفر کھوکھر، مصطفی خان، غلام علی خان، جاوید اصغر ججہ، قاسم مرزا، سعید نیازی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمران ویژن سے عاری ہیں اور پلاننگ نام کی کوئی شے انہیں چھو کر نہیں گزری۔ اس لئے انہیں کرپٹ نظام سمیت عوامی سیلاب میں بہانا ہو گا۔ انقلاب اس دھرتی کا مقدر بن چکاہے جس کیلئے پاکستان عوامی تحریک تیاریوں کے مرحلے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنان کو خصوصی ہدایات دے دی ہیں کہ اب زیادہ تاخیر نہیں کریں گے کہ ملک کی کشتی ڈوب جائے یا معاشرہ ناقابل اصلاح بن جائے۔ بہت جلد عوام اپنے حقوق کے حصول کے لئے سڑکوں پر ہوں گے۔
فاروق بٹ نے کہا کہ کارکن اپنی تیاریاں تیز کر دیں ہم حکومت کو مناسب وقت دیں گے تا کہ عوام اپنی حکومت کے مزید کارنامے دیکھ لیں۔ پاکستان عوامی تحریک تمام معاملات پر نگاہ رکھے ہوئے ہے اس نے عوام کا مقدر بدلنے کا ایسا عزم کر رکھا ہے جس سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ مثبت تبدیلی لا کر پاکستان کو دنیا کے گلوب پر باوقار، خوشحال اور سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنا کر دم لیں گے۔


تبصرہ