موجودہ حکمرانوں نے بلدیاتی نظام اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے بنایا، غلام علی خان
ڈاکٹر طاہرالقادری کے وژین کے مطابق ملک میں 35 صوبے وقت کی ضرورت ہیں
نئے نظام کے تحت عوامی نمائندوں کو بیوروکریسی کے تابع کردیاگیا
پاکستان عوامی تحریک پی پی 11 راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری سابق امیدوار برائے ناظم غلام علی خان نے نئے بلدیاتی نظام کے مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ حکمرانوں نے عوامی نمائندگی کے حق کو بھی اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھا دیاہے، نیا بلدیاتی نظام اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے بنایاگیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 9 بنگش کالونی میں علاقے کے معززین کے ایک اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیخ جاوید عالم، مقصود عباسی، شعیب عباسی، محمد جاوید قادری، راجہ آصف، حافظ عبدالرئوف، سعید عباسی، وحید عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے غیر آئینی اور غیر جمہوری رویوں نے ثابت کردیا کہ حکمران حقیقی جمہوریت کے قیام میں مخلص نہیں ہیں، بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد ہوتے ہیں اور نام نہاد جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی کروانے کا اعلان کرکے اپنے غیر جمہوری ہونے کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے وژن کے مطابق ملک میں 35 صوبے بنائے جائیں تاکہ غریب اور عام آدمی کو اپنے مسائل کے حل کے لئے دوردراز نہ جانا پڑے، اور اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل ہوسکیں۔
تبصرہ