اپردیر کے علاقے میں اعلی فوجی افسران کی شہادت قومی سانحہ ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
ڈاکٹر طاہرالقادری کا میجر جنرل ثناء اللہ، لیفٹیننٹ کرنل توصیف
اور لاس نائیک عرفان ستار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور جوانوں
کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی
نااہل اور جرات سے عاری حکمران آج تک دہشت گردی کے خلاف قانون سازی نہیں کر سکے
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سوات کے علاقے اپردیر میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے اعلیٰ فوجی افسران کی شہادت کو قومی سانحہ قرار دیا ہے اور میجر جنرل ثناء اللہ، لیفٹیننٹ کرنل توصیف اور لاس نائیک عرفان ستار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف مضبوط اور ٹھوس قانون سازی کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، افسوس کہ نااہل اور جرات سے عاری حکمران آج تک دہشت گردی کے خلاف قانون سازی نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے اور انسانیت کو امن، برداشت، رواداری، احترام اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ دہشت گردی کا عفریت ملک کو کھا گیامگر افسوس دہشت گردی کا مسئلہ کبھی پارلیمنٹ میں ڈسکس نہیں ہوا۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے بم دھماکے میں شہید ہونیوالوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
تبصرہ