عوام دو وقت روٹی کو ترس رہے ہیں اور اشرافیہ کی عیاشیاں جاری ہیں۔ جاوید اصغر ججہ
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ویژن اور موجودہ سیاسی نظام متصادم ہیں
منہاج القرآن یوتھ لیگ اسلام آباد کے صدر جاوید اصغر ججہ نے کہا ہے کہ جس معاشرے میں پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے والدین اپنے لخت جگر فروخت کرنا شروع کر دیں تو اس قوم کی پستی اور معاشی حالت کیا ہو گی۔ ایک طرف تو دو وقت روٹی کو ترستے عوام ہیں اور دوسری طرف اشرافیہ کی عیاشیاں جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی ہیڈ کوارٹر کراچی کمپنی میں منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے کارکنان کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد عوامی حکمران اور اپوزیشن مل کر اس غیر حقیقی جمہوریت کے کھیل میں عوام کی عزت نفس مجروح کر رہے ہیں تا کہ عوام روٹی، کپڑوں کے مسائل سے باہر نہ نکل سکیں اور جاگیر دار، سرمایہ دار اور عوام دشمن نظام حکومت کے زیر سایہ حکومت کرتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ویژن اور موجودہ سیاسی نظام متصادم ہیں۔ اقتدار اگر عوام کے حقیقی نمائیندوں کے حوالے کر دیا جائے تو غربت، مہنگائی، دہشت گردی جیسے عذابوں سے قوم چھٹکارا حاصل کر سکتی ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے کارکنان اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے کسی بھی قربانی کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔
تبصرہ