تمام مسائل کا حل زنگ آلود نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ہے۔ انصار ملک
آٹا، بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غربت سے تنگ
آئے ہوئے عوام کے لئے موت کا پیغام ہے
حکومت کے مختصر دور میں اربوں کی کرپشن ہوچکی ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے آرگنائزر انصار ملک نے کہا ہے کہ حکومت کے مختصر ترین دور میں اربوں کی کرپشن ہوچکی ہے اور کرپشن کا بازار گرم ہے۔ حکومت نے گردشی قرضوں کی ادائیگی کے فارمولے اور نندی پور پاور پراجیکٹ کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے ذریعے کرپشن کے الزامات کا تسلی بخش جواب نہیں دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چائنہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے کشکول اٹھائے بھیک مانگ رہی ہے اور آنے والی نسلوں کو بھکاری بنایا جا رہا ہے۔ حکمرانوں کی کوئی معاشی پالیسی نہیں ہے، حکومت نے ملک کو تباہی کی جانب دھکیل دیاہے اور تین ماہ کے مختصرعرصے میں آئی ایم ایف کے ساتھ خفیہ شرائط کے تحت دوسری بار قرضہ لینے کی تیاری کرچکی ہے جس سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا جو کہ مہنگائی کی چکی میں پسے اور غربت سے تنگ آئے ہوئے عوام کے لئے موت کے پیغام سے کم نہیں ہے۔
انصار ملک نے کہا کہ ملک اس وقت تاریخ کے بدترین دورسے گزر رہا ہے۔ ہمیں مادر وطن کے استحکام کے لئے قربانیاں دینا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل زنگ آلود نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی عمارت بوسیدہ ہو چکی ہے۔ اس عمارت کی ازسرنو تعمیر کی ضرورت ہے، جس کے لئے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد کا ساتھ دینا ہوگا۔
تبصرہ