حقیقی تبدیلی کیلئے عوام کو پاکستان عوامی تحریک کے تبدیلی کے عمل میں شریک ہونا ہو گا: فاروق بٹ
عوام دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ سے بے حال ہیں۔
عوامی مسائل کو حل کرنا کسی کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے: فاروق بٹ
اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ نے کہا ہے کہ ما ضی کی حکومتوں نے ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے سیاسی ضرورت کیلئے استعمال کیا اور اب بھی صرف دعوے کئے جا رہے ہیں جبکہ توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی واضح پالیسی اب تک سامنے نہیں آ سکی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوامی مسائل کو حل کرنا کسی کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔ چھوٹے ڈیمز کی تعمیر فوری طور پر شروع کر دی جائے تو نہ صرف توانائی بحران بلکہ زرعی بحران پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے تاجروں کے وفد سے پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی آفس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ عوام دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ سے بے حال ہیں جبکہ حکمران عوامی مسائل سے بے خبر وزارتیں بانٹنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 66 سالوں سے ملک و قوم کی تقدیر پر قابض 2 فی صد طبقے کے مفادات ایک ہی ہیں مگر انہوں نے مختلف پارٹیوں کے ماسک چڑھا رکھے ہیں، گھسے پٹے نظام انتخاب اور ان نام نہاد پارٹیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے جو عوام کے سامنے بے نقاب ہو چُکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کو بدلنے کیلئے 98 فی صد عوام کو پاکستان عوامی تحریک کے تبدیلی کے عمل میں شریک ہونا ہوگا تا کہ کرپٹ انتخابی و سیاسی نظام کا خاتمہ ہو سکے۔
تبصرہ