موجودہ نظام کی تبدیلی میں ہی ملک کی سلامتی اور بقا کی ضمانت ہے۔ فاروق بٹ
پاکستان عوامی تحریک عید کے بعد بیدارئ شعور مہم کا ملک گیر آغاز کرے گی
پاکستان عوامی تحریک این اے 48 کے صدر فاروق بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں غربت، لاقانونیت، جہالت، کرپشن، دہشت گردی اور قتل وغارت گری کے ذمہ دار حکمران ہیں جو قومی ادارے اور اخباروں میں شہ سرخیاں لگوانے کے شوقین بھی ہیں، ایک ملی بھگت ہے، سب مل بانٹ کرکھاتے ہیں اور عوام کو وعدوں اور قسموں کے شربت پلا کرہر مرتبہ اگلے پانچ سال کے لئے بے وقوف بنایا جاتا ہے۔
اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں آج مہنگائی کی شرح کا ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے، غریب عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیاگیا۔ حکمران چائنہ کے ناکام دورے کے بعد منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے سے ہی ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی ضمانت مل سکتی ہے، اس لئے دہشت گردی، لاقانونیت اور ظلم کے نظام کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی خزانہ لوٹ کر کھا جانے والے اور عدلیہ سے جن کی گرفتاری کے احکامات آنے پر عدلیہ پر پتھر برسانے والوں سمیت سب کو الیکشن کمیشن نے مکر و فریب اور قانونی دھاندلی سے سپرفٹ کا سرٹیفیکیٹ دے کر اہل قرار دے دیا ہے اور اب یہ سب لوگ اب ملک لوٹنے میں مصروف ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا آج مک مکا کے 18 کروڑ عوام کے سامنے پردے اٹھ چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے غریب عوام کے حقوق کی بات کر کے پوری قوم کو آئین کا شعور دیا۔ آنے والا دور پاکستان عوامی تحریک کا ہے غریب عوام کا ہے، عوامی تحریک غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں میدان عمل میں نکل چکی ہے اور عید کے بعد بیداری شعور مہم کا ملک گیر آغاز کر کے پوری قوم کو اس بات سے آگاہ کیاجائے گا کہ موجودہ نظام کی تبدیلی میں ہی ملک کی سلامتی اور بقا کی ضمانت ہے۔
تبصرہ