پاکستان عوامی تحریک استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ سردار منصور خان
جہالت کے خاتمے کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے، جس سے انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے اس نظام کاخاتمہ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حقوق کا شعور دلانا ہمارا مشن ہے۔
وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد، راولپنڈی کی مجلس عامہ کے اہم اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر عمر ریاض عباسی، فاروق بٹ، ملک افضل، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، غضنفر کھوکھر، راجہ منیر اعجاز، ملک طاہر جاوید بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق کا پتہ نہیں اور نہ ہی انہیں حاصل کرنے کا شعور ہے۔ اس لئے ہم پسے ہوئے طبقے میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ بیدار کر رہے ہیں۔ جہالت کے خاتمے کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور لوڈشیڈنگ عوام پر عذاب بن کر مسلط ہیں۔ حکومت کی طرف سے غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی۔ غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی کو فی الفور ختم کیا جائے اور حکومت اپنے اضافی اخراجات کو کم کر کے عوام کو ریلیف دے۔ ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزد وروں کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے ان کو طبی اور فنی سہولتیں دی جائیں۔ عوام کو حقیقی ریلیف اس وقت نصیب ہو گا جب نظام تبدیل ہو گا۔موجودہ نظام نے غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں مزدور، کسان، غریب عوام اور خواتین کو تحفظ حاصل ہو اورعوام کی فلاح و بہبود ہو اور انسانی اقدار پروان چڑھیں۔
تبصرہ