معاشرہ مادیت کی دلدل میں دفن ہوتا جا رہا ہے۔ اشتیاق میر ایڈووکیٹ
عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دبی ہوئی چنگاری کو شعلہ
جوالا بنا کر ایمان کو گرمایا جائے
تحریک منہاج القرآن مذہبی، اخلاقی اور روحانی قدروں کی بحالی کے لئے کوشاں ہے
پاکستان عوامی تحریک این اے 49 کے صدراشتیاق میر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں تحریک منہاج القرآن مذہبی، اخلاقی و روحانی اقدار کی بحالی کے لئے کام کر رہی ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک ور اولیائے کرام کے فیوض و برکات کے سایہ تلے پروان چڑھنے والی یہ عالمی تحریک پوری دنیا میں منظم انداز میں روحانیت کو پھلا رہی ہے اور لاکھوں مسلمانوں کے قلوب کی صفائی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن سلامتی، امن، بھائی چارے اور بین الامذاہب رواداری کے جذبوں کو قلوب و اذہان کی تختیوں پر نقش کر کے اسلام کی حقیقی خوشبو عام کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج علماء پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ زوال پذیر اسلامی قدروں کی بحالی کے لئے کسی منظم اجتماعیت میں شامل ہو کر دین مبین کی خدمت کا فریضہ ادا کریں۔ ان کی انفرادی کوشش مؤثر نتائج پیدا نہ کر سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نفس کی آلائشوں نے دنیا کی محبت میں گرفتار کرکے انسان کو اس کا اصل وطن بھلا دیا ہے وہ اس عارضی قیام کو ہی سب کچھ سمجھ کر دائمی زندگی کی فکر کو فراموش کر بیٹھا ہے۔ معاشرہ مادیت کی دلدل میں دفن ہوتا جا رہا ہے، باطن کو پاکیزہ بنانے کی خواہش اور تڑپ معدوم ہوتی جا رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عشق مصطفی کی دبی ہوئی چنگاری کو شعلہ جوالا بنا کر ایمان کو گرمایا جائے تاکہ دنیا کی محبت کی دبیز تہہ پگھل کر قلب و باطن کو صاف کردے۔
تبصرہ