موجودہ حکمران عوام دشمن پالیسیاں اپنا کر سابقہ حکمرانوں سے سبقت حاصل کرنے میں پیش پیش ہیں۔ عمر ریاض عباسی
کشکول توڑنے کا وعدہ کرنے والوں نے آئی ایم ایف سے نئے معاہدہ کر کے غریب آدمی کے لئے عرصہ حیات تنگ کر دیا
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران عوام دشمن پالیسیاں اپنا کر سابقہ حکمرانوں سے سبقت حاصل کرنے میں پیش پیش ہیں۔ عوامی فلاح کے لئے ان کے پاس نہ کوئی پروگرام ہے نہ ہی کوئی ایجنڈا۔ حالیہ بجٹ میں عوام پر جو بم گرائے گئے اس سے عام آدمی کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ آٹا، چینی، چاول، گھی، بجلی، گیس اور تیل کی قیمتیں غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ حکمران دراصل غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج مدینہ ہال میں استقبال رمضان کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ سخت شرائط کے تحت معاہدہ کر کے غریب کے لئے عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ معاشی غلامی کا نیا طوق ثابت ہوگا اور اس کا اثر براہ راست ہر پاکستانی پر پڑے گا۔ قرضوں کی ادائیگی کے لئے مذید نئے قرضے لینا حکمرانوں کی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں امراء کو ریلیف جبکہ غریبوں پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا دیا گیا۔ حکومت کی ایک ماہ کی کارکردگی مایوس کن ہے، حکمران اپنے ایک ماہ میں غریب کش اقدامات کئے ہیں آگے چل کر بھی ان سے عوام کش اقدامات کی ہی توقع ہے، حکومت کی اب تک کی کارکردگی مراعات یافتہ طبقے کے لئے ہے اور غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
تبصرہ