موروثی سیاست سے تبدیلی نہیں آئے گی۔ فاروق بٹ
موجودہ نظام کے خلاف نوجوانوں کو اٹھنے کی ضرورت ہے
جب ایک کروڑ کارکن تیار ہو جائیں گے تو ملک میں بہت بڑا انقلاب آئے گا
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ نے کہاہے کہ موجودہ نظام انتخاب کلیتاً غیر آئینی ہے اس نظام کے ہوتے ہوئے 50سال بھی قوم کوتبدیلی نہیں ملے گی۔ اس عمارت کے تین ستون ہیں دھن، دھونس اور دھاندلی۔ دھن، جس کے پاس جتنا سرمایہ ہوتا ہے الیکشن میں لگا دیتا ہے اور پھر پارلیمنٹ میں پہنچ کر اس سے دگنا حاصل کرنے کے لئے کرپشن کی راہ اپناتاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک این اے 48 اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ نے ضلعی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کے کارکنان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موروثی سیاست کا راج ہے اس لئے اس نظام سے تبدیلی کبھی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے نوجوان تبدیلی کے لئے نکلے اور ووٹ دیے لیکن ان کے دل میں جو تبدیلی کی خواہش تھی وہ تبدیلی نہیں آسکی۔ موجودہ نظام کی تبدیلی کے لئے نوجوانوں کو نکلنا ہوگا۔ حقیقی تبدیلی کے لئے نوجوانوں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کاساتھ دیناہوگا۔ تبدیلی غریبوں کی ضرورت ہے اور الیکشن سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کا کھیل ہے، غریب عوام کو اس نظام کے تحت کبھی بھی تبدیلی نہیں ملے گی۔
فاروق بٹ نے کہا کہ اس نظام کو الٹنا ہوگا کیونکہ اس نظام کے تحت غریب عوام کو کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ یہ نظام غریب کے لئے بنایاہی نہیں گیا۔ یہ صرف اشرافیہ کی عیاشیوں کا نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جن جماعتوں کو جتنا مینڈیٹ دیا ہے وہ اس کے مطابق عوام کو ڈلیور کرنے کی ذمہ دارہیں، عوامی تحریک کے کارکنان ممبر سازی کاٹارگٹ پورا کرنے کے لئے اپنی جدوجہد تیز کر دیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے دئے گئے فارمولے کے مطابق جب ایک کروڑ کارکن تیارہوجائیں گے تو ملک میں بہت بڑا انقلاب آئے گا۔ کارکن اگلے معرکے کی تیاریاں تیز کر دیں ان شاللہ مستقبل عوام کا ہے، غریبوں کا ہے، مزدوروں اور کسانوں کا ہے۔ عوامی تحریک ایسا نظام دیناچاہتی ہے جس میں غریب غریب نہ رہے عوام کو بنیادی حقوق کے لئے در در کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑیں۔
تبصرہ