آمدنی کی نسبت گرانی میں ہوشرباء اضافہ عوام کی پریشانیوں کو مزید بڑھاتا جا رہا ہے۔ رانا محمود الحسن
فیصل آباد ( ) تحریک منہاج القرآن صوبائی حلقہ 61 کے ناظم رانا محمود الحسن نے کہا ہے کہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے سے لے کر اب تک بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار کے ظالمانہ اضافے کی جو روش اختیار کر رکھی ہے اس کا نتیجہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں کئی گنا اضافے کی صورت میں معصوم عوام بھگت رہے ہیں۔ آمدنی کی نسبت گرانی میں ہوشرباء اضافہ عوام کی پریشانیوں کو مزید بڑھاتا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 61 گروسر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رانا بشیر احمد خان، محمد افضل گل، سہیل رفیع، محمد صدیق قادری، رانا عبدالجبار، حافظ خان محمد بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بجلی کا بحران ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے لیکن اس اہم مسئلے کا حل موجودہ نام نہاد عوامی حکومت کی سنہری جمہوریت کے اصولوں میں نہیں آتا۔ حکمران عوام دشمن پالیسیاں ترک کر کے اور عوام اور ملک کی بقا کیلئے تمام ترقیاتی منصوبے پس پشت ڈال کر ہنگامی بنیادوں پر صرف اور صرف بجلی کی پیداوار بڑھانے پر زور دے تا کہ ملک وہ روشنی اور ترقی حاصل کر سکے جو پوری قوم کا خواب ہے۔ حکومت غریب کش پالیسیوں پر عمل کرنے کی بجائے بجلی چوری، گیس چوری اور ٹیکس چوری پر قابو پائے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کرے۔
تبصرہ