کارکنان ممبر بنانے کے لئے دن رات ایک کردیں، حقیقی تبدیلی کا دروازہ اسی سے کھلے گا۔ انصار ملک
اسمبلیوں میں اکثریت ان سیاسی خاندانوں کی ہے جو پچھلی پانچ دہائیوں
سے ملک کے اقتدار پر قابض ہیں
ماہ رمضان میں مہنگائی کے طوفان پر کنٹرول کرنے کے لئے جامع پالیسی سامنے لائی جائے
لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے لانگ ٹرم پلاننگ ہونا چاہیے۔ انصارملک
پاکستان عوامی تحریک اسلام آبادکے آرگنازر انصارملک نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ پر جزوی طور پر اس لئے قابو پانے کی بجائے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے لانگ ٹرم پلاننگ کی ضرورت ہے تا کہ عوام اس عذاب سے نجات حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طفل تسلیوں سے وقت گزارنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، عوامی غیض و غضب سے بچنے کے لئے عوام کو ریلیف دیا جائے اور ماہ رمضان میں مہنگائی کے طوفان پر کنٹرول کرنے کے لئے جامع پالیسی سامنے لائی جائے۔ یوٹیلٹی سٹورز کی اشیاء پر ریٹ کم کر کے عوام کو بھکاری نہ بنایا جائے۔ بلکہ عام آدمی کی سہولت کے لئے مارکیٹ میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں نصف فیصد کمی کی جائے۔
وہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کا راستہ ہموار کرنے کے لئے کارکنان ممبر بنانے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ فرسودہ، استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کے تحت بننے والی اسمبلیوں میں غالب اکثریت ان ہی سیاسی خاندانوں کی ہے جو پچھلی پانچ دہائیوں سے ملک کے اقتدار پر قابض ہیں۔ تبدیلی کیلئے موجودہ نظام انتخاب سے بغاوت کرنا ہو گی۔ دھن، دھونس اور دھاندلی کے ستونوں پر کھڑے نظام کے تحت الیکشن کی رسم کو ہرگز ہرگز جمہوریت نہیں کہا جا سکتا۔ حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ حقیقی اپوزیشن کا کہیں وجود دکھائی نہیں دیتا۔ اس نظام انتخاب کی برکات ہیں کہ ہر جماعت مقتدر ہے۔ ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگانے والے اقتدار میں اپنا حصہ پا کر پرسکون ہو چکے ہیں۔
انصارملک نے کہا کہ عوام کے حقوق کیلئے دباؤ بڑھانے کیلئے اپوزیشن کو حقیقی کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستانی معیشت کی بحالی اور دہشت گردی مرکز اور صوبائی حکومتوں کیلئے بڑا چیلنج رہے گا۔
تبصرہ