برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ قاسم مرزا
اراکانی مسلمانوں پر ٹوٹنے والی قیامت پر مغربی میڈیا آنکھیں بند کئے ہوئے ہے
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی رہنما قاسم مرزا نے کہا ہے کہ مظلوم برمی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر جہاں حقوق انسانی کے عالمی اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے وہاں پر مسلمان ممالک کے حکمرانوں کے کانوں پر بھی جوں تک نہیں رینگی۔ میانمار میں نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور ان کی نسل کشی کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے ضلعی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سعید خان نیازی، نعمان کریم، محمددانش، طلحہ بٹ، حمزہ بٹ بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ برما میں اب تک ہزاروں مسلمان ان المناک واقعات میں شہید ہو چکے ہیں۔ جبکہ برما کی حکومت مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا خون مسلم ارزاں ہو چکا ہے۔ اراکانی مسلمانوں پر ٹوٹنے والی قیامت پر مغربی میڈیا آنکھیں بند کئے ہوئے ہے۔ ہم برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کے مسلمان اخوت، بھائی چارہ اور اسلام کے رشتوں میں بندھے ہیں جب تک مسلمان اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا نہیں کرینگے اس طرح کے واقعات کو نہیں روکا جا سکتا۔
تبصرہ