حالیہ بجٹ تعلیمی شعبے کو مزید بدحال کر دے گا۔ سعید خان نیازی
تعلیمی ضروریات کی تمام اشیاء ٹیکس فری کی جائیں۔ طلحہ بٹ
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد کے صدر سعید خان نیازی نے حالیہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار اور بجٹ کی وجہ سے مہنگائی میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جہاں عام آدمی متاثر ہوگا وہیں تعلیم پر بھی اس کے واضح منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ حالیہ بجٹ تعلیمی شعبے کو مزید بدحال کر دے گا۔ کتابوں، کاپیوں، قلم، سیاہی اور تعلیمی ضروریات کی دیگر اشیاء کو طلباء کی پہنچ سے دور کر دیا گیا ہے جس کا براہِ راست اثر یقیناً شرح خواندگی پر بھی پڑے گا۔
طلحہ بٹ نے کہا کہ ملک میں تعلیمی شعبہ پہلے ہی پسماندگی اور بدحالی کا شکار ہے اور اڑھائی کروڑ بچے وسائل کی عدم دستیابی کی وجہ سے سکولوں سے باہر ہیں۔ ان حالات میں جبکہ تعلیم کیلئے زیادہ سے زیادہ بجٹ مختص کر کے تعلیمی ایمرجنسی کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت تھی۔ ارباب اختیار کی جانب سے تعلیم کو ایک مرتبہ پھر نظرانداز کر دینا تعلیم سے متعلق ان کی سنجیدگی کو مشکوک بنا رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت بجٹ پر نظرثانی کرے اور پاکستان کی تعلیمی ترقی کیلئے حصول تعلیم کی راہیں آسان کرے، اس ضمن میں انہوں نے تعلیمی ضروریات کی تمام اشیاء کو ٹیکس فری کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
تبصرہ