ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار احتساب ہو جائے تو استحکام پاکستان کی راہیں کھل سکتی ہیں۔ غلام مصطفی نورانی
استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی ڈویژن کے آرگنائزر غلام مصطفی نورانی کی ایم ایس ایم
کے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی ڈویژن کے آرگنائزر غلام مصطفی نورانی نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو، اپنے تمام تر اختلافات ختم کر کے پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے اتحاد کا عملی مظاہرہ کرے۔ دشمن ہمیں پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے۔ ہماری صفوں میں اتحاد دشمن کی موت ثابت ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں سے آئے نوجوانوں کے ایک وفد سے میڈیاسیل میں ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ایم کے مرکزی رہنما قاسم مرزا، سعید خان نیازی، طلحہ بٹ، محمد دانش، حمزہ بٹ، نعمان کریم اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف ہونا فطری عمل ہے آپس میں نفرت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں پاکستان کی مضبوطی اور عزت کے لیے اپنے سیاسی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بحثیت قوم آپس میں پیار، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے یہی ہماری طاقت ہے اسی کے بل بوتے پر ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن، مساوات اور رواداری کا دین ہے۔ ہمیں اسلام اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات سے روشنی حاصل کرنی چاہیے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے، کسی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور پسی ہوئی عوام کی خدمت اور حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ عوام متحد ہو کر ہر سطح پر جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کڑے احتساب کی ضرورت ہے اگر ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار احتساب ہو جائے تو استحکام پاکستان کی راہیں کھل سکتی ہیں۔
تبصرہ