معجزہ معراج حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سارے معجزات میں قرآن کے بعد سب سے بڑا معجزہ ہے۔ علامہ صدیق بٹ
عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دلوں کو معمور کر لو کہ یہی
زندگی کا اصل سکون ہے
منہاج القرآن علماء کونسل اسلام آباد کے ناظم علامہ صدیق بٹ کا معراج النبی صلی اللہ
علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب
معراج شریف کو نماز کا تحفہ عطا ہوا اور امت کیلئے نماز کو مومن کی معراج قرار دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے شب معراج کے موقع پر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو 3 طرح کے علم عطا فرمائے ایک وہ علم ہے جو آپ کیلئے خاص ہے آپ کے علاوہ کوئی بھی اس کا متحمل نہیں ہو سکتا، دوسرا علم ایسا عطا کیا گیا جس کے متعلق آپ کو اختیار دیا جسے مستحق سمجھیں جتنا چاہیں عطا فرما دیں، تیسرا علم وہ جسے کائنات کیلئے عام فرما دیا گیا۔ اس حصے کا یہ عالم ہے کہ زندگی کا کوئی بھی شعبہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تشنہ تکمیل نہیں چھوڑا۔ آج امت مسلمہ اور خصوصاً ملک پاکستان بدامنی، دہشت گردی، قتل و غارت گری اور لوڈ شیڈنگ کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔ یہ سب مسائل دین سے دوری، جہالت اور گمراہی کے سبب ہیں۔
ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن علماء کونسل اسلام آباد کے ناظم علامہ صدیق بٹ نے تحریک منہاج القرآن اسلام آباد کے زیراہتمام مدینہ ہال کراچی کمپنی میں منعقدہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے علاوہ خواتین و حضرات اور دیگر علماء مشائخ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو معراج کی تمام تر سعادتیں اور رحمتیں اپنے دامن میں سمیٹنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے اور دلوں کو عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے معمور فرمائے کہ یہی زندگی کا اصل سکون ہے۔
علامہ آصف اکبر میر نے کہا کہ معجزہ قرآن کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جتنے بھی معجزے عطا کئے گئے۔ان میں سب سے عظیم معجزہ معراج ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معجزہ معراج کی اہمیت و فضیلت کا اندازہ اس بات سے باآسانی لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس معجزہ کے بیان کو قرآن پاک کا حصہ بنایا۔معجزہ معراج قرآن و حدیث سے ثابت ،آئمہ سے تواتر کے ساتھ مذکور اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سارے معجزات میں قرآن کے بعد سب سے بڑا معجزہ ہے۔
تبصرہ