آنے والے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے: فاروق بٹ
الیکشن کے دلفریب نعروں کو حقیقت دینے کا وقت آ گیاہے، لوڈ شیڈنگ
کے خاتمے کا مستقل حل نکالا جائے
عوام کو حقیقی ریلیف نہ ملا تو حکمران عوام کے غیض و غضب سے بچ نہیں سکیں گے
پاکستان عوامی تحریک این اے 48 کے صدر فاروق بٹ نے کہا ہے کہ آئندہ آنے والے بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف ملناچاہئے، خصوصاً سی این جی، پٹرول، گیس، اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں 50 فیصد کمی کی جائے اور عوام کی زندگی کو آسان بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ چاہے وہ خودساختہ ہے لیکن اس کا مستقل اور حقیقی حل نکالا جائے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک ٹریڈر زونگ کے رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 65 سالوں سے عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں اور ہر آنے والی نئی حکومت کے ساتھ بہتری کی امیدیں لگائی جاتی ہیں خصوصاً نوجوان روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث سخت مایوسی کاشکار ہیں۔ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات میں عوام کو سبز باغ دکھائے گئے اور نوجوانوں کو روزگار دینے کے وعدے کئے گئے۔ غربت بے روزگاری کے خاتمے کے سہانے خواب دکھائے گئے۔ اب عوام کو ریلیف نہ ملا تو حالات کنٹرول سے باہر ہوجائیں گے۔ حکمران عوام کے غیض وغضب سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران محلات میں عیاشیاں کرنے کی بجائے غریب عوام کے مسائل کو حل کرنے اور غریبوں کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں تو ملک کو بہتری کی طرف لایاجا سکے گا۔
فاروق بٹ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت کو اپنی کارکردگی دکھانے کا وقت دینے کا کہا ہے کہ حکومت جس طرح بھی منتخب ہوئی ہے اب اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے اگر حکمرانوں نے غفلت کا مظاہرہ کیا تو پھرانقلاب آئے گا اور حکومتی ایوانوں کو بہا کر لے جائے گا۔
تبصرہ