عوام کے حقیقی مینڈیٹ کاجنازہ نکال کے رکھ دیا گیا، ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں: غضنفر کھوکھر
عوام دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔
عوام کے حقیقی مینڈیٹ کاجنازہ نکال کے رکھ دیا گیا، ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے
ہیں۔
نام نہاد جمہوری نظام چلایا جا رہا ہے مگر یہ ملک وقوم کو ہمیشہ
حقیقی جمہوریت سے دور رکھے گا: غضنفر کھوکھر
اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر نے کہا ہے کہ 11 مئی کے الیکشن نے امانت و دیانت کا جنازہ نکال دیا ہے اور آئین کی دھجیاں ہر سو بکھیر دی ہیں لیکن ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، عوام کے حقیقی مینڈیٹ کاجنازہ نکال کے رکھ دیاگیا۔ موجودہ نظام انتخاب دھن، دھونس اور دھاندلی ہے اس لیے نیک نیتی سے تبدیلی چاہنے والے بھی موجودہ کرپٹ نظام کے تحت تبدیلی نہیں لاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے الیکشن کے بعد ایک بار پھر ساری جماعتیں بر سر اقتدار ہیں اس لیے حقیقی اپوزیشن کا وجود نہیں ہوگا۔ پاکستان کے انتخابات سے عالمی طاقتیں اپنے مقاصد کا حصول چاہتی ہیں۔ ساری قوم کو سمجھنا ہوگا کہ یہ کرپٹ نظام انتخاب ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتا۔ قوم پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے تو ان کو حقیقی تبدیلی ضرور ملے گی۔
عوام لوڈ شیڈنگ سے تنگ ہیں جبکہ بحران کو حل کرنے کے دعوے کرنیوالے اب جان چھڑا رہے ہیں اور عوام کے مسائل کو حل کرنا انکی ترجیحات میں شامل نہیں ہیں۔ 11 مئی کے الیکشن کے بعد عوام کو اندازہ ہو چکا ہے کہ الیکشن کے نام پر اسکے ساتھ کتنا بڑا دھوکا ہوا ہے۔
وہ گزشتہ روز میڈیاسیل اسلام آباد میں عوامی تحریک اسلام آباد کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر فاروق بٹ، انصار ملک، ابرار رضا ایڈووکیٹ، جاوید ججہ، ایم ایچ خان، غلام علی خان بھی موجود تھے۔ غضنفر کھوکھرنے کہا کہ نام نہاد جمہوری نظام کو پاکستان میں چلایا تو جا رہا ہے مگر یہ ملک وقوم کو ہمیشہ حقیقی جمہوریت سے دور رکھے گا کیونکہ جن ملکوں میں یہ نظام کامیابی سے چل رہا ہے وہاں خواندگی اور شعور کا تناسب بہت بلند ہے۔ وہاں الیکشن کمیشن آزاد ہے اور مقتدر بھی قانون سے مبرا نہیں ہیں وہاں الیکشن میں برادری سسٹم، غنڈہ گردی اور پیسے کا عمل دخل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں اشرافیہ ہی سب سے بڑی مافیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک پوری عوامی طاقت اور قوم کی حمایت کے ساتھ اشرافیہ سے حلقوں کے قبضے چھڑائے گی۔ ملک میں موجود سیاسی جماعتیں بھی اس کرپٹ سسٹم کی قیدی ہیں اگر اس عوام دشمن نظام کو بدل دیا جائے تو پارٹیاں اور قوم دونوں آزاد ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اس الیکشن ڈرامے کے بعد جان لینا چاہیے کہ جعلی ڈگری والے بھی کرپٹ اور انہیں دیانت دار قرار دینے والے بھی کرپٹ ہیں۔
تبصرہ