پاکستان کے حالیہ انتخابات ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات ہوں گے: ڈاکٹر طاہرالقادری کی نمائندہ روزنامہ جنگ سے گفتگو
لندن: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وہ ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جس کے حکمران قومی مفادات کی سودا بازی کرنے کی جرات نہ رکھتے ہوں اور پاکستان ایسا خود مختار جمہوری ملک بن جائے جہاں عالمی طاقتیں مداخلت کرنے کی ہمت نہ کر سکیں۔
وہ گذشتہ روز ہیتھرو ایئرپورٹ لندن پر پاکستان روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حالیہ انتخابات ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات ہوں گے جن میں کسی بھی جماعت کو فیصلہ کن اکثریت حاصل نہیں ہو گی اور 11 مئی کی رات ہی آزاد ارکان کی سرعام بولیاں لگنی شروع ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی والے 11 مئی کو دیانتدارانہ انتخابات کے بارے میں بھی اپنا موقف تبدیل کر کے دھاندلی کی دہائی دے رہے ہوں گے۔ ڈاکٹر قادری نے ایک دفعہ پھر زور دیا کہ جب تک موجودہ سیاسی و انتخابی نظام کو سمندر برد نہ کیا جائے دیانتدار اور اھل قیادت بر سر اقتدار نہیں آسکتی۔
منہاج القرآن کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی، سیکرٹری جنرل علی عباس بخاری، داؤد حسین مشہدی، ابو احمد آدم الشیرازی، محمد نوید قادری، غلام نبی، خالد منہاس، علامہ ذیشان احمد قادری سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے انہیں ایئر پورٹ پر رخصت کیا۔
رپورٹ: آفتاب بیگ (نمائندہ جنگ)
تبصرہ