سرکاری ملاؤں کے PAID فتووں سے عوامی رائے عامہ تبدیل نہیں ہو سکتی۔ عمر ریاض عباسی
کرپٹ، عوام دشمن استحصالی نظام کے ہوتے ہوئے ووٹ ڈالنا جرم میں
برابر شریک ہونا ہے
پاکستانی قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے سے متفق ہے
11 مئی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک ووٹ کی مخالف نہیں ہم جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں، لیکن کرپٹ نظام انتخاب، عوام دشمن، استحصالی نظام میں ووٹ ڈالنے کو جرم سمجھتے ہیں، کیونکہ ارکان پارلیمنٹ کرپشن، لوٹ مار اور قومی خزانے کی بندر بانٹ کے مرتکب ہوتے ہیں، عوام کے مسائل اور حقوق پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے، الیکشن کمیشن نے جعلی ڈگری ہولڈرز، بنک ڈیفالٹرز اور لوٹ کھسوٹ کے مرتکب تمام افراد کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے کر قوم کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اگر ایک ماہ کی سکروٹنی ہو جاتی تو آج شائد حالات مختلف ہوتے، آج ملک کرپشن میں دنیا کے کرپٹ ممالک میں سرفہرست ہے، پاکستان کے موجودہ حالات و واقعات کے تناظر میں ووٹ ڈالنا ارکان پارلیمنٹ کی کرپشن اور لوٹ مار میں اور ان کے جرم میں برابر کے شریک ہونے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے ارکان پارلیمنٹ اسمبلیوں میں پہنچ کر کرپشن کے مرتکب ہوتے ہیں اور ان کے بنک بیلنس میں اضافہ ہوتا ہے قومی خزانے پر شب خون مارا جاتا ہے، گزشتہ دور میں اقربا پروری کی انتہا کی گئی۔ عمر ریاض عباسی نے کہا کہ اگر قوم نے اس فرسودہ نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے تو 11 مئی کو ووٹ ڈالنے کی بجائے، پولنگ اسٹیشنوں پر جانے کی بجائے عوامی تحریک کے دھرنوں میں شامل ہو کر سرکاری ملاؤں کے فتووں کو مسترد کر دیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، ڈاکٹر طاہرالقادری کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کو دیکھ کر اور عوام کی بڑی تعداد کو دھرنوں میں شرکت سے روکنے کے لئے سرکاری ملاؤں کے ذریعے فتووں کا بازار گرم کیا جا رہا ہے عوام 11 مئی کو ایسے فتووں کو مسترد کر دیں گے۔
تبصرہ