شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دورہ اوسلو
آپ اوسلو تشریف لانے کے بعد سب سے پہلے اسلامک سینٹر تشریف لے گئے۔ یہاں کچھ دیر قیام کے بعد آپ نے منہاج القرآن یورپین کونسل کے سینئر نائب صدر حاجی افضل انصاری کی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لئے تشریف لے گئے۔ شادی کی تقریب میں ناروے بھر سے آئے ہوئے علماء کرام نے بھی آپ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے علاوہ یہاں نوجوانوں عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد بھی آپ کی آمد کی منتظر تھی۔
اس موقع پر آپ نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے اسلام میں شادی کی حیثیت اور اسکے مقام کے اسلامی اصولوں کیا ہیں؟ یہ گفتگو آپ نے انگریزی زبان میں کی جسے وہاں موجود نارویجین لوگوں نے بھی خوب سراہا۔
مورخہ 10 اور 11 اگست کو آپ نے منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے جملہ فورمز کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں منہاج القرآن سسٹرز لیگ، ویمن لیگ، برادرز لیگ، منہاج القرآن مصالحتی کونسل، منہاج ایجو کیشن سنٹر، ویلفیئر کونسل اور مرکزی تنظیم منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنطیم سازی و ورکنگ پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر موجود ان سب تنظیموں کے عہدیداران کا شیخ الاسلام سے تعارف بھی کرایا گیا۔ آپ نے جملہ فورمز خصوصاً مصالحتی کونسل اور ایجوکیشن سنٹر کے یورپی معاشرے میں کردار کو خوب سراہا اور ان کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ آپ نے جملہ فورمز کے معاملات میں نوجوانوں کی دلچسپی پر بھی داد دی۔ دوسری طرف میٹنگ سمیت دیگر انتظامی معاملات کو ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو علامہ نور احمد نور نے بڑی مہارت کیساتھ انجام دیا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے مرکزی صدر حاجی پرویز نثار کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ نوجوان ہی ہماری اصل پہچان اور ہمارا مستقبل ہیں۔ ہمیں ہر سطح پر ان کو آگے لانا چاہیے اور ان کو آگے آ کر کام کرنے کا موقع دینا چاہیے۔ آپ شام آٹھ بجے دوبارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو تشریف لائے اور وہاں پر موجود یورپ سے آئے ہوئے تحریکی ساتھیوں اور عہدیداران کے ساتھ کھانا کھایا۔ کھانے کے دوران آپ اپنی زندگی کے دوران پیش آنے والے مختلف واقعات بھی سنائے۔
رات نو بجے آپ محفلِ سماع میں تشریف لے گئے جس کا اہتمام مرکزی تنظیم منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو نے کیا تھا۔ نقابت کے فرائض فرانس سے آئے ہوئے جنرل سیکریٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ حافظ اقبال اعظم نے بخوبی ادا کئے۔ محفل کی رونق کو چار چاند لگانے کیلئے منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس سے ایک بہت بڑا قوال گروپ تشریف لایا تھا جن کی قیادت ایک نو مسلم فرانسیسی نوجوان کر رہے تھے۔ محفلِ سماع کے دوران لوگ اپنے اپنے انداز میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، صحابہ کرام اور اولیاء کرام کے ذکر پر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے رہے۔ محفل سماع کے دوران لوگوں پر وجدانی کیفیت طاری رہی۔
مورخہ 13 اگست کو چار بجے جملہ فورمز منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو اور یورپ سے آئے ہوئے تحریکی ساتھیوں کے ساتھ آپ کی ایک اصلاحی نشست رکھی گئی۔ اس نشست سے خطاب کرنے کیلئے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور مرکزی ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق عباسی تشریف لائے جو کہ اپنے دورہ یورپ میں ڈنمارک سے ناروے پہنچے تھے۔
یہاں آمد پر لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور مرکزی قائدین کا استقبال کیا۔ اس نشست کے دوران صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے وہاں موجود لوگوں کی تحریکی کاوشوں کو سراہا اور تحریکی مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس تقریب کے دوران ہی شیخ الاسلام بھی وہاں تشریف لے آئے، لوگوں نے کھڑ ے ہو کر نعروں سے آپ کا استقبال کیا۔ شام دس بجے آپ نے وہاں پر موجود تحریکی عہدیداران کی دستار بندی کی اور اس تقریب کے دوران علامہ نور احمد نور اپنے دوسرے ساتھیوں کے ہمراہ اپنا کلام پیش کرتے رہے۔ اس تقریب کے فوراً بعد الوداعی مصافحہ کر کے آپ منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو سے تشریف لے گئے۔
آپ نے دورہ کے دوران مختلف مواقع پر ناروے بھر سے آئے ہوئے علماء کرام کو نہ صرف اصلاحی لیکچر دیئے بلکہ امتِ مسلمہ کے زوال پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی جس سے سارے مکاتب فکر کے علمائے کرام کو استفادہ کرنے کا موقع ملا۔ آپ کا یہ دورہ کامیاب ترین دورہ تھا جس سے اوسلو میں علماء کرام کے درمیان پائے جانے والے تضاد کا خاتمہ ہوا۔ اس حوالے سے علمائے کرام نے آپ کے دیئے درسِ کو اپنے لیے مشعلِ راہ بنانے اور آپس کے اختلافات کو ختم کر کے امتِ مسلمہ کے اتحاد کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ آپ علمائے کرام کے اس فیصلے پر بہت خوش ہوئے اور ان کی کامیابی کیلئے دعا کی۔
اس دورے کے دوران شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کی انتظامیہ، خصوصاً خاور حسین، شاہد طفیل، لالہ بشیر، میاں اسلم، یوتھ کے صدر عاطف رؤوف، محمد عاصم اور انکی ٹیم، ویمن ونگ کی صدر باجی رافعہ اور انکی ٹیم، مصالحتی کونسل کے صدر اعجاز وڑائچ اور انکی ٹیم، شکیل مشتاق، عرفانہ انصاری، بابر نثار، ویمن ونگ کی سلمہ ظفر، ظفر سیال، محمد جمیل، راشد علی اعوان، افتخار محمود اور سب سے بڑھ کر امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ علامہ حسن میر قادری اور دیگر احباب کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔
رپورٹ : محمد یاسین (سیکرٹری انفارمیشن ناروے)
مرتب : میاں اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)
تبصرہ