کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی ویب سائٹ کا افتتاح
ہوم پیج پر فلیش اینیمیشن سے کالج آف شریعہ کا تصویری تعارف بھی صارف کی دلچسپی کا باعث ہے۔ سرورق کے علاوہ اس ویب سائٹ میں ہمارے بارے، چیئرمین، پیغام پرنسپل، عظیم مقاصد، فیکلٹی، نظام تعلیم، اخلاقی و روحانی تربیت، انتظامی عہدیداران، قواعد و ضوابط، فیس، نظم و نسق، بزم منہاج، سہولیات، اعزازات، تابناک مستقبل، خط و کتابت کورس کے ذیلی روابط دیئے گئے ہیں۔ ان لنکس میں کالج آف شریعہ کا پراسپیکٹس، فیس کا شیڈول، طلباء کے لئے منتخب نصاب، قواعد و ضوابط، فیکلٹی اور نئے طلباء کے لیے تمام تعارفی مواد بھی دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اس ویب سائٹ میں شریعہ کالج کے فارغ التحصیل طلباء (منہاجینز) کا ایک الگ سیکشن ہے، جہاں منہاجینز فورم، نمایاں منہاجینز، بیرون ملک منہاجینز، مرکزی سیکرٹریٹ پر اور عوامی تعلیمی منصوبہ میں خدمات سرانجام دینے والے منہاجینز اور منہاجینز کی تصانیف کو الگ الگ فہرستوں کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ فارغ التحصیل طلباء کی منتخب فہرستیں شائع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو اس کالج کا صحیح معنوں میں تعارف ہو سکے اور وہ یہ جان سکیں کہ یہاں داخلہ لینے والے طلباء کا مستقبل کس قدر تابناک ہوتا ہے۔
اس حصہ کی اہم خصوصیت ہر سیشن کے منہاجینز کا دنیا بھر میں آن لائن کوائف و تعارف، اندرون و بیرون ملک اہم عہدوں پر تعینات منہاجینز کا الگ سے تعارف و خدمات کا ذکر ہے۔ ویب سائٹ پر فارغ التحصیل تمام منہاجینز کا میسر ڈیٹا بھی فراہم کیا گیا ہے، جس میں اْن کی تصاویر، عارضی و مستقل پتہ جات، رابطہ نمبرز، پروفیشن، خاندانی پس منظر، تعلیمی کارکردگی، ذوقِ مطالعہ، دلچسپیاں، تحریکی و ملی خدمات اور خصوصی پیغامات بھی شائع کئے گئے ہیں۔
ویب سائٹ میں سب سے اہم خصوصیت "ایڈوانس سرچ" کا فنکشن ہے، جو صارف کو کسی بھی منہاجین کے نام، سیشن، عارضی و مستقل پتہ، تعلیمی ڈگریوں، خون کے گروپ، اِزدواجی حیثیت، مرکز پر قیام، بیرونِ ملک قیام، ادبی سرگرمیوں اور ذوقِ مطالعہ وغیرہ کے تحت تلاش کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس کے علاوہ ویب سائٹ کے مواد میں موجود کسی بھی لفظ کو سرچ کی سہولت میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔
ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور منہاج انٹرنیٹ بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالستار منہاجین کے علاوہ ایم آئی بی کی ٹیم بھی موجود تھی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم کو عالمی معیار کے مطابق شریعہ کالج کی بہترین ویب سائٹ بنانے پر خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے ساری دنیا میں کالج آف شریعہ اور اس کے فارغ التحصیل طلباء کی سرگرمیاں آن لائن ہو گئی ہیں۔ یہ ملک میں کسی بھی تعلیمی ادارے کی جدید ترین سہولیات سے مزین واحد ویب سائٹ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء میں اس ویب سائٹ کا تعارف عام کرنے اور کالج آف شریعہ کی طرف سے بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ یاد رہے کہ منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم شریعہ کالج کی اس ویب سائٹ کے علاوہ پہلے سے تحریک منہاج القرآن کے مختلف شعبوں کے لئے دو درجن کے قریب ویب سائٹس بنا چکی ہے۔
تبصرہ