عوامی تحریک عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان پر حصہ لے گی، پریس کانفرنس
پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا، امیدوار درخواستیں جمع کروائیں، رابطہ عوام مہم آج سے شروع: قاضی زاہد حسین
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اپنی فورسز کے شانہ بشانہ ہیں: نوراللہ صدیقی
5 سو سے زائد ضلعی و تحصیل عہدیداروں نے حلف اٹھایا
لاہور (17 نومبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے مرکزی سیکرٹریٹ پر پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک آئندہ عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان پر بھرپور حصہ لے گی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا گیاہے، امیدواروں سے درخواستیں مانگ لی ہیں۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر امیدوار کھڑے کریں گے۔ ہمارے امیدواروں کا انتخابی نعرہ نظام میں جامع اصلاحات ہے۔ آج سے رابطہ عوام اور رابطہ کارکن مہم کاآغاز کررہے ہیں۔
اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سینئر نائب صدر راجہ زاہد محمود، میاں زاہد اسلام، میاں ریحان مقبول، عارف چودھری، ملک کرامت علی، سردار عمر دراز خان موجود تھے۔ اس موقع پر سنٹرل پنجاب کے 5 سو سے زائد عہدیداروں نے حلف بھی اٹھایا۔
ھپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر نے کہا کہ شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمیشن پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے۔آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق امیدواروں کی سکروٹنی یقینی بنائی جائے۔ اسمبلیوں میں جا کر اس گلے سڑے نظام کو بدلنے کیلئے جدوجہد کریں گے۔ پاکستان میں تعلیم، صحت اور انصاف کا نظام برائے نام ہے۔9 سال کے بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف نہیں ملا۔ 9 سال کے بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو غیر جانبدار تفتیش کا حق نہیں ملا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل ہے مظلوموں کو انصاف دلوائیں۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے فورسز کے جوانوں افسروں کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا دفاع جذبہ جہاد سے سرشار جوانوں کے ہاتھ میں ہے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم اپنی سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہیں۔
بعدازاں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہا کہ عوام آزمائے ہوؤں کو نہ آزمائیں، عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے بیانیہ پر انتخابات میں حصہ لے گی نوراللہ صدیقی نے ایک قرار داد کے ذریعے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف دلوائیں اور ہوشربا مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کیا۔
تنظیمی کنونشن سے قاضی زاہد حسین، عارف چودھری، راجہ زاہد محمود،میاں زاہد اسلام ڈاکٹر رفیع کمبوہ،ظہیر احمد نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، میاں رضا، میاں کاشف نے خطاب کیا۔ ملک فاروق، رانا محمد شہزاد، ملک احمد اخوان، راؤ طارق شہزاد، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، میاں اقبال ساجد، حافظ رب نواز، چودھری اعظم گوندل، حاجی محمد اکرم سمیت ضلعی، تحصیلی و پی پی ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔
تبصرہ