تھرپارکر حادثے پر پاکستان عوامی تحریک کا اظہار افسوس
قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے: قاضی زاہد حسین
ایمبولینسز اور آکسیجن سلنڈر زکے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں: مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک

لاہور (29 اکتوبر2026) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے ضلع تھرپارکر کی تحصیل نگرپارکر میں ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں 7 افراد کے جاں بحق اور 5 کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں قاضی زاہد حسین نے کہا کہ اس افسوسناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک بڑا سانحہ ہے۔ ہم جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی منتقلی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے دوران حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ایمبولینسز، آکسیجن سلنڈرز اور دیگر طبی آلات کی باقاعدہ جانچ پڑتال اور حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد ضروری ہے۔
قاضی زاہد حسین نےکہا کہ حادثے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی۔


تبصرہ