وسیم عباس کے قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے: خرم نواز گنڈاپور
بچوں کے حقوق کی پامالی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ضروری ہے

لاہور (20 اکتوبر 2026ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کا گاڑی تلے کچلے جانے کے المناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی جان، عزت اور بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، جبکہ بچوں پر تشدد، ان کا استحصال اور جبری مشقت کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
اپنے مذمتی بیان میں خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وسیم عباس کی المناک موت معاشرے اور متعلقہ حکومتی اداروں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ یتیم اور بے سہارا بچوں کو استحصالی عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑنا کسی طور مناسب نہیں۔ ایسے بچوں کی کفالت، تعلیم، سلامتی اور بہتر مستقبل کو یقینی بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں نامزد ملزم کے خلاف الزامات کی شفاف اور مؤثر تحقیقات کی جائیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بچوں سے جبری مشقت لینے، ان پر تشدد کرنے اور ان کا استحصال کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔ حکومت چائلڈ لیبر کی روک تھام کے لیے بھی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرائے ۔ بچوں کے تحفظ کے لیے محض اعلانات کافی نہیں، بلکہ مؤثر نگرانی، فوری کارروائی اور ذمہ داروں کا محاسبہ ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان اس کے کمزور اور محروم طبقات کو حاصل تحفظ سے ہوتی ہے۔ حکومت ایسے مؤثر اقدامات کرے کہ کوئی یتیم یا بے سہارا بچہ غربت، مجبوری یا عدم سرپرستی کے باعث تشدد اور استحصال کا شکار نہ ہو۔ بچوں کے حقوق کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔


تبصرہ