پشاور سکول حادثے پر خرم نواز گنڈاپور کا اظہارِ افسوس
معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادتیں انتہائی دلخراش ہیں: خرم نواز گنڈاپور
تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا حفاظتی آڈٹ ناگزیر ہے
تعلیمی اداروں میں بچوں کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

لاہور (15 اکتوبر 2026ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکریٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے پشاور کی دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے المناک سانحے کے نتیجے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں پیش آنے والے ایسے دل خراش واقعات پوری قوم کے لیے باعثِ صدمہ اور ہمارے اجتماعی احساسِ ذمہ داری کے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے قوم کے مستقبل کی آبیاری، نئی نسل کی کردار سازی اور روشن امکانات کی تعمیر کے مراکز ہوتے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کو علم حاصل کرنے، بہتر مستقبل کی امید اور ایک محفوظ ماحول کے یقین کے ساتھ اسکول بھیجتے ہیں۔ ایسے میں تعلیمی ادارے کی عمارت کا جان لیوا حادثے کا شکار ہونا انتہائی افسوس ناک اور تشویش ناک ہے۔ بچوں کی جان و سلامتی کا تحفظ متعلقہ حکام، تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اور ذمہ دار سرکاری محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ سانحے کی فوری، شفاف اور جامع تحقیقات کرائی جائیں اور حادثے کے اسباب، عمارت کے تعمیراتی معیار، حفاظتی انتظامات اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ غفلت اور لاپروائی کا سدباب ہو اور مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی آڈٹ کرایا جائے، تعمیراتی معیار اور عمارتوں کی مضبوطی جانچنے کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے اور حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ بچوں کی زندگیوں کو کسی بھی صورت غفلت، ناقص تعمیرات یا انتظامی کوتاہی کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔
مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ امدادی کارروائیوں میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب فرمائے۔ آمین۔


تبصرہ