گورنر راج کے بعد وزیراعظم دہشتگردی کے خاتمے کی تاریخ دیں: خرم نواز گنڈاپور
عوام، فورسزکے جوانوں، افسروں اور دہشتگردی کی جنگ لڑنے والوں کی حفاظت کیلئے دعا گو ہیں

لاہور(12 اکتوبر 2026) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام کی دو تہائی اکثریت اور عوامی تائید رکھنے والی حکومت کو فارغ کرنے سے کس قسم کا استحکام آئے گا یہ آنے والا وقت بتا دے گا تاہم پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے دعا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرتے وقت جو جواز پیش کیا گیا ہے وہ یہ ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کی اس جنگ میں تعاون نہیں کررہی، بعض وفاقی وزراء نے تو دہشت گردوں سے رابطوں کے انکشافات بھی کئے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر راج کے نفاذ سے بقول حکومت دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ کے راستے کی بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے لہٰذا اب وزیراعظم جنگ کے مکمل خاتمے اور امن کی بحالی کی تاریخ دیں۔ ہماری دعا ہے کہ قوم کے بچے، جوان، بوڑھے اور فورسز کے وہ جوان اور افسران دہشت گردانہ حملوں میں محفوظ و مامون رہیں جو دن رات وطن کے لئے شہادتیں قبول کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جنگ اور مہم عوام کی تائید و حمایت کے بغیر نہ لڑی جاسکتی ہے اور نہ جیتی جاسکتی ہے۔ خیبرپختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے بلکہ کے پی کے کے عوام پورے ملک کے امن اور سکون کے لئے قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں۔ اُن کے جان و مال کا تحفظ وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔


تبصرہ