عوامی تاجر اتحاد کے رہنمائوں کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
کاروبار دوست پالیسیاں معاشی استحکام کےلئے ناگزیر ہیں: خرم نواز گنڈا پور
ٹیکس نظام سادہ، آسان اورشفاف بنایا جائے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
تاجر برادری ملکی معیشت کا اہم ستون ہے: حاجی میاں محمد اسحاق
ملاقات میں راجہ زاہد محمود،جنید وارثی، شہزاد احمد خان ، چوہدری محمد راشد، محمد ثاقب بھٹی و دیگر شامل تھے

لاہور (4اکتوبر2026) عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال، تاجر برادری کو درپیش مسائل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، لاکھوں خاندانوں کا روزگار تجارت اور کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔ معاشی استحکام کے لیے تاجر برادری کو اعتماد میں لینا اور اس کے مسائل کا حل ضروری ہے۔ حکومت ایسی پالیسیاں تشکیل دے جن سے کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کو فروغ ملے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام سادہ، شفاف اور قابلِ عمل بنایا جائے، کاروباری طبقے پر غیر ضروری بوجھ کم کیا جائے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پالیسیوں میں تسلسل اور کاروباری طبقے کے اعتماد کی بحالی ناگزیر ہے۔
چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی میاں محمد اسحاق نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کا اہم ستون ہے، حکومت کاروباری طبقے کے مسائل حل اور کاروبار دوست پالیسیاں متعارف کرائے۔ تاجروں کو اعتماد میں لے کر معاشی پالیسی سازی کی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود بھی موجود تھے۔ وفد میں مرکزی صدر عوامی تاجر اتحاد محمد جنید وارثی، سینئر نائب صدر شہزاد احمد خان، چوہدری محمد راشد، محمد ثاقب بھٹی، خبیب وارثی و دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔


تبصرہ