کوہاٹ دھماکہ افسوسناک، دہشت گرد ی کی شدید مذمت کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
عبادت گاہوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے
کوہاٹ دھماکہ کے متاثرین کے گم میں برابر کے شریک ہیں
شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا گو ہیں: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

لاہور (18 ستمبر 2026) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کوہاٹ پولیس لائنز کے قریب مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عبادت گاہ میں نماز کے وقت معصوم اور نہتے شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور انسانیت کے خلاف سنگین ترین جرم ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ خون کی ہولی کھیلنے والے دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ان کے خلاف بلاامتیاز، سخت اور مؤثر کارروائی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات ملکی امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکے ہیں۔ ریاستی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے مکمل اور حتمی خاتمے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مساجد سمیت تمام حساس مقامات کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے مربوط اور ہنگامی اقدامات کریں۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند فرمائے، سوگوار لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا صبرِ جمیل عطا کرے اور ہسپتالوں میں زیرِ علاج زخمیوں کو جلد از جلد مکمل صحت یابی نصیب فرمائے۔


تبصرہ