قائداعظمؒ نے شہریوں کےبنیادی حقوق کے تحفظ پر زور دیا: خرم نواز گنڈاپور
آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے
بانی پاکستان کے تصورسے انحراف ملکی مسائل میں اضافے کا سبب بن رہا ہے
نوجوان نسل کو قائد اعظم ؒ کی جدوجہد اور اصولوں سے روشناس کروانا ہو گا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی

لاہور (10 ستمبر 2026ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ وصال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظمؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح سمت، منظم جدوجہد اور آزاد وطن کا عظیم مقصد دیا۔ ان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی، دیانت اور آئین و قانون سے وابستگی پاکستان کے لیے آج بھی مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے ایسا پاکستان بنانے کا خواب دیکھا تھا جہاں آئین و قانون کی بالادستی ہو، شہریوں کو بنیادی حقوق حاصل ہوں اور ریاست بلاامتیاز سب کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ کرے۔ قائداعظمؒ کے تصورات سے انحراف ملک کو درپیش مسائل میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قائداعظمؒ نے قومی اتحاد، نظم و ضبط اور کردار سازی پر خصوصی زور دیا۔ آج ملک کو سیاسی و معاشی استحکام، میرٹ، شفافیت، برداشت اور قومی یکجہتی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو قائداعظمؒ کی زندگی، جدوجہد اور اصولوں سے روشناس کرانا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، تعلیم کے فروغ، انصاف کی فراہمی اور قومی اداروں کی مضبوطی سے ہو کر گزرتا ہے۔ قائداعظمؒ کے فرمودات کو محض تقریبات اور کتابوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں ریاستی و قومی زندگی میں عملی طور پر نافذ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒکی جدوجہد اور اخلاص کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور اسلامی ملک ابھرا، انہوں نے کہا کہ نوجوان قائد اعظم کی سیاسی فکر کا گہری نظر سے مطالعہ کریں۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ یومِ وصالِ قائداعظمؒ ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو قائداعظمؒ کے نظریات اور اصولوں کے مطابق ایک مضبوط، خوشحال، منصفانہ اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔


تبصرہ