یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام ’’دفاعِ پاکستان موٹر سائیکل ریلی‘‘ کا انعقاد
1965ء والے قومی جذبے کو دوبارہ بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے:راجہ زاہد محمود
شہداءکا مقدس لہو وطنِ عزیز کی جغرافیائی خود مختاری کی واحد ضمانت ہے:ملک احمد اخوان
ریلی داروغہ والا سے شروع ہو کر مناواں یادگارِ شہداء پر اختتام پذیر ہوئی

لاہور (6 ستمبر 2026) یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام ’’دفاعِ پاکستان موٹر سائیکل ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے قومی پرچم لہراتے ہوئے جوش و جذبے سے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز داروغہ والا چوک سے ہوا، جہاں سے سینکڑوں موٹر سائیکل سوار پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے جی ٹی روڈ مناواں پہنچے اور یادگارِ شہداء پر حاضری دے کر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور انجینئر ملک احمد اخوان، سینئر نائب صدر لاہورعارف چوہدری، جنرل سیکرٹری ثاقب بھٹی ، رانا طارق سلہریا،شفاقت مغل ،حاجی فرخ و دیگر رہنمائوں نے کی۔ یادگارِ شہداء پر ریلی کے شرکاء نے ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے تجدیدِ عہد کیا۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری ملی تاریخ کا وہ درخشاں باب ہے جب افواجِ پاکستان اور پوری قوم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پُرفتن دور میں ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے اسی 1965ء والے قومی اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کو دوبارہ بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن جان لے کہ دفاعِ وطن کی خاطر قوم کا ہر فرد اور نوجوان افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ آخری دم تک لڑنے کا غیر متزلزل عزم رکھتا ہے۔
صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور انجینئر ملک احمد اخوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہداء ہمارے سروں کا تاج ہیں اور ان کا مقدس لہو وطنِ عزیز کی بقا، سلامتی اور جغرافیائی خود مختاری کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے ہیروز کی لازوال قربانیوں سے روشناس کروانا قومی فریضہ ہے تاکہ حب الوطنی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے۔ سینئر نائب صدر لاہور عارف چوہدری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع اور قومی خودداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، پاکستان عوامی تحریک ہمیشہ شہداء کے تقدس کے تحفظ کا علم بلند رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی و سیاسی استحکام کے لیے لازمی ہے کہ ہم سب مل کر اپنے محافظوں کے کردار کو سراہیں اور منفی پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کریں۔ ریلی کے اختتام پر وطنِ عزیز کی ترقی اور افواجِ پاکستان کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئیں۔


تبصرہ