سانحہ ماڈل کیس، اے ٹی سی میں اہم سماعت 5ستمبر کو ہو گی
لاہور ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ جے آئی ٹی سے متعلق سٹے آرڈر ختم کیا جائے
حصول انصاف کیلئے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں، لیگل ترجمان نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ

لاہور(2 ستمبر 2026ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لیگل ترجمان عوامی لائرز ونگ کے مرکزی صدر نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی اہم سماعت 5 ستمبر 2026ء کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں ہو گی۔ استغاثہ پر جرح کا عمل جاری ہے، ہم عدالتی کارروائی میں پوری طرح معاون ہیں اور حصول انصاف کے لئے اپنا ذمہ دارانہ قانونی کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری لاہور ہائیکورٹ سے دست بستہ استدعا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے سٹے آرڈر سے متعلق دو سال قبل دونوں فریقین کی بحث مکمل ہو گئی تھی اب فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ کا انتظار ہے۔ استدعا ہے کہ سٹے آرڈر ختم کر کے سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والی جے آئی ٹی کو چالان انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے چونکہ جے آئی ٹی کی تحقیقات سے ہی سانحہ کے اصل حقائق منظر عام پر آئیں گے اور انصاف کاعمل آگے بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم 12 سال کے بعد بھی قانون کے مطابق حصول انصاف کی جدوجہد کررہے ہیں، ہمیں انصاف عدلیہ نے دینا ہے اور ہماری تمام اپیلیں اور امیدیں بھی عدلیہ ہی سے ہیں، انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت ہو، لاہور ہائیکورٹ ہو یا سپریم کورٹ ہر سطح پر ہم حصول انصاف کے لئے چارہ جوئی کررہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ مظلوموں کو انصاف ضرور ملے گا اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ اپنے وکلاء کے ہمراہ 5ستمبر کو انسداددہشت گردی عدالت لاہور میں پیش ہوں گے۔


تبصرہ