تمام ہسپتالوں کا تھرڈ پارٹی سیفٹی آڈٹ کروایاجائے: خرم نواز گنڈاپور
ذمہ داری ملازمین پر ڈالنے کے بجائے نظام کی خامیوں کو دور کرنا ہوگا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
معصوم بچوں کے والدین پر ٹوٹنے والی قیامت کا تصور بھی تکلیف دہ ہے

لاہور (28 اگست 2026ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال کا سانحہ ناقابلِ فراموش ہے۔ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچنے کے لیے ملک بھر کے ہسپتالوں کے لیے بین الاقوامی معیار کے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں معصوم بچوں کے والدین پر ٹوٹنے والی قیامت کا تصور بھی تکلیف دہ ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحے کی آزادانہ، شفاف اور مقررہ مدت کے اندر تحقیقات ہونی چاہئیں، تحقیقات کے دوران آگ لگنے کی اصل وجہ، آکسیجن کے باعث شعلوں کے تیزی سے پھیلنے، وارڈ کے دروازوں کی بندش، امدادی کارروائی میں مبینہ تاخیر، ہنگامی اخراج کے انتظامات اور فائر سیفٹی آلات کی دستیابی و فعالیت سمیت تمام پہلوؤں کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جائے۔ تحقیقاتی رپورٹ کو عوام کے سامنے پیش بھی پیش ہونا چاہیے، تاکہ پتہ چل سکے غفلت کہاں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دو چار اہلکاروں کو معطل کر دینا کافی نہیں ہے اصل ضرورت اس فرسودہ نظام اور ان انتظامی خامیوں کو درست کرنے کی ہے جو ایسے سانحات کو جنم دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی سیفٹی کیلئے ملک بھر کے ہسپتالوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے۔


تبصرہ