لاہور چیمبر انتخابات، شہزاد خان مشترکہ امیدوار ہوں گے: میاں انجم نثار
عوامی تاجر اتحاد کا لاہور چیمبرا لیکشن میں پیاف انجم نثار گروپ کی حمایت کا اعلان
تاجر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی خرم نواز گنڈاپور
صنعتکاروں و تاجروں کے مسائل کو ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کیا:میاں انجم نثار
پیاف( انجم نثار گروپ) کی کامیابی تاجر برادری کی کامیابی ہے:حاجی محمد اسحاق
اجلاس میں محمد علی میاں، رانا شعبان اختر،جنید وارثی،نوید بٹ ،نعمان افضل،رانا منظور و دیگر کی شرکت

لاہور (23 اگست 2026ء): عوامی تاجر اتحاد کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا، جس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات، تاجر برادری کے مسائل اور انتخابی حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر پیاف انجم نثار گروپ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تاجر اتحاد اور پیاف انجم نثار گروپ تاجر برادری کے وسیع تر مفاد میں متحد ہو کر لاہور چیمبر کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ عوامی تاجر اتحاد کے سینئر نائب صدر شہزاد خان دونوں جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہوں گے اور انجم نثار گروپ کی کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کے مسائل کا حل اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی قومی معیشت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
عوامی تاجر اتحاد اور پیاف انجم نثار گروپ کا اتحاد تاجر برادری کے اجتماعی حقوق، معاشی استحکام اور مضبوط نمائندگی کے لیے ہے۔ پیاف کے پیٹرن چیف میاں انجم نثار نے اپنی گفتگو میں عوامی تاجر اتحاد کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری اس وقت بجلی، گیس، ٹیکسز، مہنگائی اور کاروباری لاگت میں اضافے سمیت متعدد مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ ایسے حالات میں تاجر تنظیموں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پیاف( انجم نثار گروپ) تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کرنے اور حکومت و متعلقہ اداروں کے سامنے موثر انداز میں آواز بلند کرنے کےلئے ہمیشہ اپنا کردارادا کرتا رہے گا۔ چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ تاجر برادری کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
یہ اتحاد تاجروں و صنعتکاروں کی مضبوط، باوقار اور مؤثر نمائندگی کے لیے ہے۔ شہزاد خان دونوں جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہیں اور ان کی کامیابی تاجر برادری کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کی کامیابی ہوگی۔اجلاس میںنائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود،سابق صدر لاہور چیمبرمحمد علی میاں،صدر آل پاکستان سمال ٹریڈرز بابر اکبر بٹ،ینگ بزنس ایسوسی ایشن کے مرکزی آرگنائزر نعمان افضل، چوہدری منظور،رانا شعبان اختر،رمیض دیوان، جنید وارثی،ثاقب بھٹی،خبیب وارثی،علی عمران، شہباز حسین بھٹی، ممبران ایڈوائزری کونسل ینگ بزنز ایسوسی ایشن محمدنوید بٹ، رانا منظور احمد خان، محبوب عالم و دیگر تاجر و صنعتکار رہنمائوں اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


تبصرہ