عوامی تحریک کا نئے صوبوں کی تشکیل کیلئے بیداری شعور مہم چلانے کا اعلان
4 ستمبرکو لاہور، 13ستمبر کراچی، 18سے 20ستمبر اسلام آباد اور روالپنڈی میں سیمینارز ہوں گے
عوام اشرافیہ کے مفادات کے محافظ اس نظام سے اکتا چکے ہیں، میاں ریحان مقبول

اسلام آباد (17اگست 2026ء) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی نائب صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ عوام اشرافیہ کے مفادات کے محافظ اس نظام سے اکتا چکے ہیں، قومی وسائل عام آدمی کی بہتری کی بجائے مخصوص خاندانوں اور چند مراعات یافتہ طبقات پر خرچ ہورہے ہیں۔ کروڑوں شہری صاف پانی، تعلیم اور علاج کی بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔ ہر دن گزرے ہوئے دن سے زیادہ مالی پریشانیاں لارہا ہے۔ جب تک نظام میں جوہری تبدیلیاں نہیں کی جاتیں قومی وسائل بیوروکریسی اور سیاسی اشرافیہ پر خرچ ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے نئے صوبوں کی تشکیل، بااختیار بلدیاتی نظام اور نظام کو بدلنے کے حوالے سے ملک گیر بیداری شعور مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں 4 ستمبر کو لاہور، 13اور 14ستمبر کو کراچی، 18,19اور 20ستمبر کو اسلام آباد، راولپنڈی، 25سے 27ستمبر کو ملتان اور 2اکتوبر سے 4اکتوبر پشاور میں سیمینارز ہونگے۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ ایک دہائی قبل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک بچانے کیلئے سیاست نہیں ریاست بچاؤ کا نعرہ دیا تھا اور کہا تھا کہ نئے صوبے بنا کر اور بلدیاتی اداروں کا آئینی نظام قائم کرکے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکتے ہیں مگر سٹیٹس کو کی جماعتیں ماضی میں بھی رکاوٹ تھیں اور آج بھی رکاوٹ ہیں۔


تبصرہ