عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام ’’جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی‘‘ کا انعقاد
یوتھ ونگ کے سینکڑوں موٹر سائیکل سوار نوجوان سبز ہلالی پرچم تھامے ریلی میں شریک ہوئے
آزادی ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کی تاریخ کا ثمر ہے: راجہ زاہد محمود
پاکستان کا مستقبل باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور محب وطن نوجوانوں سے وابستہ ہے: ملک احمد اخوان اعوان، اقبال حسین باجوہ، ثاقب بھٹی کا جیوے پاکستان ریلی سے خطاب

لاہور (14 اگست 2018) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام یومِ آزادی کے موقع پر ’’جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز بیگم کوٹ چوک شاہدرہ سے ہوا، شرکاء شاہدرہ چوک سے جی ٹی روڈ کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مینارِ پاکستان پہنچے، جہاں ریلی اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر انجینئر ملک احمد اخوان اعوان، تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر اقبال حسین باجوہ اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ثاقب بھٹی نے کی، جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود نے ریلی میں خصوصی شرکت کی۔ ریلی میں سردار عارف علی، حاجی فرخ خان کاکڑ، سینئر نائب صدر عارف چوہدری، امجد حسین چوہدری، ڈاکٹر رانا طارق سلہریا، ملک عابد قادری، ملک فیصل، ڈاکٹر اقبال نور، ہمایوں بٹ، پروفیسر عبد المنان، طارق الطاف سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔ پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے سینکڑوں نوجوان موٹر سائیکل سوار سبز ہلالی پرچم تھامے ریلی میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘، ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے اور وطن سے اپنی محبت اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا وہ تابناک باب ہے جس کی روشنی ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید روشن ہو رہی ہے۔ آج کا دن ہمیں اپنے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں، انتھک جدوجہد اور عزمِ مصمم کی یاد دلاتا ہے۔ آزاد فضا، سبز ہلالی پرچم اور آزاد وطن ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا ثمر ہیں، ہمیں آزادی کی اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
صدر منہاج القرآن لاہور اقبال حسین باجوہ نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ قومی عہد کی تجدید کا دن بھی ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو ترقی، امن، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ تعلیم، ٹیکنالوجی، تحقیق اور معیشت کے میدانوں میں آگے بڑھ کر پاکستان کا نام دنیا میں روشن کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر انجینئر ملک احمد اخوان اعوان نے کہا کہ ہمیں اپنی توانائیوں کو مثبت اور تعمیری سمت میں استعمال کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔ نوجوان علم حاصل کریں، جدید مہارتیں سیکھیں اور ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ فرقہ واریت، تعصب، نفرت اور تقسیم کی سیاست سے بالاتر ہو کر متحد قوم بننا ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور محبِ وطن نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ ہمیں بانی پاکستان قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق ایک ایسا پاکستان تشکیل دینا ہے جہاں آئین و قانون کی بالادستی، مساوات، امن، تعلیم، معاشی خوشحالی اور انسانی احترام کو فروغ حاصل ہو۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سالمیت، قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور عوامی فلاح کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔


تبصرہ