پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں 79ویں یومِ آزادی پر پرچم کشائی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں قومی پرچم لہرایا گیا، کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی، ترقی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی و لاہور کے عہدیداران، کارکنان اور ذمہ داران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کروڑوں عوام کی محفوظ اور باعزت پناہ گاہ ہے، یہ ملک ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر اور شہداء کی امانت ہے۔ آزادی اللہ تعالیٰ کی بے بہا نعمت ہے، ہمیں اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تصور کے مطابق پاکستان کو ایک اسلامی، فلاحی، پرامن اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ اتحاد، اخوت اور قومی یکجہتی کی طاقت سے ہر مشکل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہی وہ مبارک دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوئی۔ قوموں کی تاریخ میں ایسے دن غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ یہ آنے والی نسلوں کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنے، اپنی غلطیوں کا ازالہ کرنے اور بہتر مستقبل کی تعمیر کا حوصلہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم تاریخ کے ایک ایسے موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ہمیں اپنے اسلاف کی جدوجہد، قربانیوں اور عزم سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنانے کے لیے آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم بحیثیت قوم عہد کریں کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ معاشرے سے انتہاپسندی، نفرت، تعصب اور تقسیم کا خاتمہ کرکے اخوت، رواداری، انصاف اور انسانی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ پاکستان کا استحکام مضبوط قومی اتحاد، آئین و قانون کی بالادستی، تعلیم کے فروغ، معاشی خودکفالت اور نوجوان نسل کو بااختیار بنانے سے وابستہ ہے۔ ہمیں ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں ہر شہری کو عزت، انصاف، امن، تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔
تقریب میں ڈاکٹر محمد رفیق نجم، کرنل (ر) خالد جاوید، جواد حامد، سردار عمر دراز، سہیل احمد رضا، چوہدری افضل گجر، طیب ضیا، سعید شاہ، علامہ اشفاق چشتی، سید محمود الحسن جعفری، خرم شہزاد، محمد ثاقب بھٹی سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں، کارکنان اور ذمہ داران نے شرکت کی۔


تبصرہ