لاہور سانحہ: معصوم بچوں کی شہادت پر پوری قوم سوگوار ہے: خرم نواز گنڈاپور
متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے لاہور (کاہنہ) میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک حادثے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معصوم بچوں کی شہادت کو قومی المیہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یہ افسوسناک سانحہ چند خاندانوں کا نہیں بلکہ پوری قوم کا دکھ ہے۔ معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے تعلیمی اداروں،ٹیوشن سنٹرز اور دیگر عوامی مقامات پر موجود خستہ حال اور غیر محفوظ عمارتوں کا ہنگامی بنیادوں پر سروے کریں اور حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی عمارتوں کے حوالے سے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے سانحات کی روک تھام کےلئے صرف افسوس اور تعزیتی بیانات کافی نہیں بلکہ عملی اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں اور کوچنگ سنٹرز کی عمارتوں کا باقاعدہ حفاظتی آڈٹ کرایا جائے، تعمیراتی قواتین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور غفلت یا لاپرواہی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ حفاظتی اقدامات کے نام پر کارروائیوں اور جرمانوں تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ غریب اور کم آمدن والے خاندانوں کی معاونت کےلئے خصوصی پروگرام متعارف کروانے چاہئیں جو مالی مشکلات کے باعث اپنے گھروں، دکانوں یا عمارتوں کی مرمت اور تعمیر نو نہیں کر سکتے۔ خستہ حال عمارتوں میں رہنے والے شہریوں کو سزا دینا مسئلہ کا حل نہیں بلکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ انہیں آسان شرائط، قرضے، مالی امداد، تعمیراتی معاونت اور تکنیکی رہنمائی فراہم کرے تاکہ وہ اپنی رہائش گاہوں اور کاروباری مقامات کو محفوظ بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کاہنہ سانحہ کی تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید ہونے والے معصوم بچوں کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل دے اور زخمیوں کو جلد مکمل صحت عطا فرمائے۔


تبصرہ