عوامی تحریک کا 37واں یومِ تاسیس، "اصلاحات ناگزیر" سیمینار کا انعقاد
نظام کی تبدیلی کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے جامع اصلاحات ناگزیر ہیں: سیکرٹری جنرل PAT

لاہور (7 جون 2026) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیرِاہتمام کے 37 ویں یومِ تاسیس کے سلسلے میں "اصلاحات ناگزیر" کے عنوان سے سیمینار کا مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر راجہ زاہد محمود، نائب صدر میاں زاہد اسلام، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی ، مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمردراز، صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور ملک احمد اخوان اعوان، جنرل سیکرٹری لاہور محمد ثاقب بھٹی، صدر تحریک منہاج القرآن لاہور اقبال حسین باجوہ، سمیت مرکزی،صوبائی و ضلعی رہنمائوں نے شرکت کی۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کو درپیش معاشی، سیاسی اور انتظامی بحرانوں سے نکالنے کے لیے محض حکومتوں کی تبدیلی نہیں بلکہ نظام کی اصلاح ناگزیر ہے۔ جب تک انتخابی، عدالتی، انتظامی، تعلیمی اور معاشی شعبوں میں بنیادی اصلاحات نہیں کی جاتیں، ملک کو پائیدار ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اپنے قیام سے ہی آئین کی بالادستی، حقیقی جمہوریت، شفاف انتخابی نظام، عوامی حقوق کے تحفظ اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ عوامی تحریک کا اصلاحات کا ایجنڈا ملک میں انصاف، مساوات اور عوامی خوشحالی کے قیام کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی، گرتے ہوئے تعلیمی و صحت کے نظام اور عوامی مسائل میں اضافے کی بنیادی وجہ ناقص طرزِ حکمرانی اور مؤثر احتساب کے نظام کا فقدان ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو قومی تعمیر و ترقی کے عمل میں شامل کیا جائے اور انہیں مثبت، جمہوری اور آئینی جدوجہد کا شعور دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط ادارے، شفاف قوانین اور عوام دوست پالیسیاں ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتی ہیں۔ اصلاحات پر مبنی قومی بیانیے کو فروغ دینے، عوامی شعور بیدار کرنے اور ایک منصفانہ، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
صدر لاہور ملک احمد اخوان اعوان نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع اصلاحات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔ سیمینار میں چوہدری محمد افضل گجر، محمد افضل بھٹی، رانا طارق سلہریا، طارق الطاف، عباس خان بھٹی، سردار عارف علی، طاہر صدیق سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر 37ویں یومِ تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹا گیا، ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔


تبصرہ