عوامی تحریک تاجر رہنماؤں کا انارکلی آتشزدگی واقعہ پر افسوس کا اظہار
حکومت متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا 100 فیصد ازالہ کرے: حاجی محمد اسحاق ودیگر
لاہور میں ہر سال آتشزدگی کے 5 ہزار سے زائد واقعات ہوتے ہیں، تاجروں کو تحفظ دیا جائے
لاہور (24 اپریل 2017) عوامی تاجر اتحاد کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق اور عوامی تاجر اتحاد کے سینئر رہنما حافظ غلام فرید نے کی۔ ہنگامی اجلاس میں تاجر اتحاد نے لاہور انارکلی میں ہونے والی آتشزدگی سے کروڑوں کے مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرہ تاجروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں کے مالی نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے، ہولناک حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائے اور مستقبل میں ایسے حادثات کو روکنے کیلئے فوری اور مناسب اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عوامی تاجر اتحادحاجی محمد اسحاق نے کہا کہ نے کہا کہ انار کلی میں ہونے والے خوفناک سانحہ کی صورت میں رونما ہونے والے المیہ نے درجنوں دکانوں کو جلا کر راکھ اور ملبے کا ڈھیر بنا دیا، درجنوں گھروں کیلئے سنگین اقتصادی مشکلات بھی پیدا کر دی ہیں، شرمناک امر ہے کہ لاہور جیسے شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اداروں کے پاس آکسیجن سلنڈر اور جدید آلات نہیں ہیں، دکانوں میں موجود کروڑوں کا سامان صرف اس لیے جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا کہ آگ پر فوری قابو نہ پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے بحران نے تاجروں کے کاروبار کو پہلے ہی آدھا کر دیا رہی سہی کسر کرپشن اور ادارہ جاتی نااہلی سے نکل رہی ہے۔
عوامی تاجر اتحاد کے سینئر رہنما حافظ غلام فرید نے کہا کہ لاہور میں ہر سال 5 سے 7 ہزار کے لگ بھگ آتشزدگی کے واقعات ہوتے ہیں جس میں تاجر کروڑوں روپے کے مال و اسباب سے محروم ہو جاتے ہیں مگر آتشزدگی کا جب بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے حکومت اور اس کے ذیلی ادارے بروقت مدد کو نہیں پہنچ پاتے، انارکلی آتشزدگی کا واقعہ بھی اسی نااہلی کی وجہ سے ہوا۔ حکمران عوام کی حفاظت کے ادارے ریسکیو 1122 کو فنڈز دینے کیلئے تیار نہیں جس کی وجہ سے اس عوام دوست سروس کی کارکردگی بری طرح خراب ہو چکی ہے، حکمران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فنڈز خرچ کرنے پر تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں اورنج ٹرین اور میٹروبسوں، سپیڈو بسوں پر اربوں روپے خرچ کرنے والے وزیراعلیٰ تاجروں، مارکیٹوں کو محفوظ بنائیں اور ریسکیو 1122 کو فنڈز اور جدید سازو سامان سے لیس کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور رشوت ستانی نے ہر شعبہ کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ پلازوں کی تعمیر میں حفاظتی اقدامات اور تعمیراتی قوانین کو نظر انداز کرنے والے کرپٹ افسران اور ان کے پشت پناہی کرنے والے حکمران سانحات کے ذمہ دار ہیں۔
اجلاس میں الطاف رندھاوا، حافظ محمد عامر، شیخ آفتاب، محبوب عالم، شیخ عامر رفیع، حاجی محمد حنیف، حاجی یونس راٹھ اور حفیظ الرحمن خان و دیگر موجود تھے۔
تبصرہ