سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی ہی پنجاب حکومت کی اصل کارکردگی ہے : عوامی تحریک لاہور
گورنمنٹ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی طرف سے مریضوں کو لوٹنا
انسانیت سوز اور شرمناک ہے
صوبہ میں گورننس نام کی کوئی چیز ہوتی تو کسی کو مریضوں اور انکے لواحقین کو لوٹنے
کی جرات نہ ہوتی
لاہور (16 جنوری 2017) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے رہنماؤں راجہ زاہد، سیکرٹری اطلاعات عارف چودھری اور صدر لاہور چودھری افضل گجر نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی کاکردگی ہی پنجاب حکومت کی اصل کاکردگی ہے۔ گورنمنٹ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی طرف سے مریضوں کو لوٹنا انسانیت سوز اور شرمناک ہے۔ صوبہ میں گورننس نام کی کوئی چیز ہوتی تو کسی کو مریضوں اور انکے لواحقین کو لوٹنے کی جرات نہ ہوتی۔ رہنماؤں نے کہا کہ سرکاری ہسپتال مذبحہ خانوں میں تبدیل ہو چکے ہیں اور اس کا ذمہ دار نام نہاد خادم اعلیٰ ہے جو اپنے کمیشن کیلئے ساری توجہ اورنج ٹرین اور میٹرو منصوبوں پر مرکوز کئے ہوئے ہے۔
راجہ زاہد نے کہا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈاکٹر ہڑتالوں پر اور چوہے ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ لاہور پرپنجاب کے دیگر اضلاع کے فنڈز کھائے جانے کا الزام بھی لگ رہا ہے مگر ہسپتالوں کی حالت یہ ہے کہ غریب مریضوں کیلئے بیڈ نہیں ہیں، ایمرجنسی سنٹروں میں مریض رل رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں لاہور میں ایک بھی نیا ہسپتال تعمیر نہ ہو سکا جبکہ آبادی کئی گنا بڑھنے کی وجہ سے موجودہ ہسپتال ناکافی ہیں۔ پنجاب کے ہسپتال دوائیاں کسی اور قیمت پر جبکہ دوسرے صوبوں میں کم قیمت پر خریدتے ہیں یہ کرپشن کا کھلا دھندا نہیں تو اور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2016-17 کے بجٹ میں ہسپتالوں کی تزئین و آرائش کیلئے رقوم مختص کی گئیں، لیکن ان کا استعمال ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا، صرف چوہوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ معمولی بارش پر ہسپتالوں کی چھتیں ٹپکنے لگ جاتی ہیں، غریب مریضوں کو علاج کیلئے کئی مہینے بعد کی تاریخ دی جاتی ہے جبکہ نام نہادخادم اعلیٰ افسران کو معطل کرنے کا ڈرامہ جاری رکھے ہوئے ہیں جو بعد میں بحال ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی صحت پالیسی دوائیوں کی سپلائی اورمشینوں کی خرید و فروخت سے کمیشن بنانے کی منصوبہ بندی تک محدود ہے۔
تبصرہ